کراچی : صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ ’معرکہِ حق‘ کی کامیابی کے بعد پورے ملک میں جشن کا سماں ہے اور اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کراچی کے تحت سی ویو پر ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے ثابت کر دیا کہ فتح صرف عددی برتری سے نہیں بلکہ ایمان اور جرات سے حاصل ہوتی ہے۔
سعید غنی نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر طنز کرتے ہوئے کہا بھارتی میڈیا لاہور اور کراچی پر قبضے کے دعوے کر رہا تھا، لیکن حقیقت میں بھارتی قیادت اپنے ہی میڈیا کو جواب دینے کے قابل نہ رہی ۔ پاک فضائیہ نے چند گھنٹوں میں بھارت کا تکبر مٹی میں ملا دیا، 8 طیارے گرا کر دشمن کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو مفلوج کر دیا۔ ایک سال میں بھارت کا عالمی امیج بری طرح تباہ ہوا ہے اور وہ دنیا میں مسلسل پیچھے جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے بلاول بھٹو کی قیادت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا جس طرح بلاول بھٹو نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ لڑا، اس نے دنیا کو ہمارا موقف تسلیم کرنے پر مجبور کر دیا۔ بلاول بھٹو نے بھارتی میڈیا کو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر چیلنج کیا، جس سے دشمن کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی۔سعید غنی نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھارت کی اپنی سازش ہے جس کا وہ آج تک کوئی ثبوت نہیں دے سکا۔ مودی اب تقریروں میں مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں کیونکہ وہ جان چکے ہیں کہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کو نہیں دبایا جا سکتا۔
سی ویو پر ہونے والے پروگرام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا یہ ایک قومی پروگرام ہے جس میں نامور فنکار اپنی پرفارمنس کے ذریعے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کریں گے۔ ہم نے ڈی سی اور سی بی سی سے تمام قانونی اجازت لے لی ہے تاکہ شہریوں کے امن و امان میں کوئی خلل نہ پڑے۔
سعید غنی نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جس نے ایران امریکہ تنازع میں بھی مذاکرات کی راہ ہموار کی، لیکن اگر کوئی حملہ کرے گا تو ہم دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں۔




