واشنگٹن / اسلام آباد :پاکستان کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے واشنگٹن میں منعقدہ اپنے تازہ ترین اجلاس میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر (ایک ارب 20 کروڑ ڈالر) کی قسط کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس اہم پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور اہداف کی تکمیل کو سراہتے ہوئے قسط جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے میں کلیدی ثابت ہوگی۔
آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کے معاشی اعشاریوں کا جائزہ لینے کے بعد قسط کی ادائیگی کی توثیق کی۔ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی یہ رقم آئندہ چند روز میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔اس قسط کے موصول ہونے سے روپے کی قدر میں استحکام اور بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کی امید ہے۔
یہ منظوری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومتِ پاکستان معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے سخت مالیاتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔




