اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کے اعزاز میں وزیرِ اعظم ہاؤس میں ایک پروقار ناشتے کا اہتمام کیا، جس میں پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے درمیان دہائیوں پر محیط تاریخی اور فلاحی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر پاکستان کے نوجوان طبقے کو جدید علوم اور ہنر سکھانے سمیت ان میں کاروباری رجحانات کو فروغ دینے کے لیے آغا خان نیٹ ورک کے اقدامات کو بے حد سراہا۔ شہباز شریف نے خاص طور پر گلگت بلتستان اور چترال جیسے دشوار گزار اور دور دراز علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں صحت، تعلیم اور سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں اے کے ڈی این کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، جنہیں حکومتِ پاکستان اور عوام انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔




