پاکستان
Trending

پاک-چین معاشی و تکنیکی شراکت داری؛ وزیرِ اعظم شہباز شریف اہم دورے پر ہانگژو پہنچ گئے، بڑے تجارتی معاہدے متوقع

ہانگژو:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے چار روزہ انتہائی اہم سرکاری دورہء چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے ہیں، جہاں ائیرپورٹ پر چینی حکام اور سفارتی عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ شیاؤ شین ائیرپورٹ آمد پر نائب گورنر ژجیانگ شو وینگوانگ، چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ اور پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

اس دورے میں وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی پر مشتمل ہائی پروفائل وفد بھی موجود ہے۔

ہانگژو میں قیام کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہاؤ سے اہم ملاقات کریں گے۔ دورے کا بنیادی محور سی پیک فیز 2 کے تحت دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے مابین روابط کو بڑھانا ہے۔ وزیرِ اعظم پاک-چین بزنس فورم میں خصوصی شرکت کریں گے، جہاں مینوفیکچرنگ اور صنعتی تعاون کے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔

پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر اور ڈیجیٹل گورننس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے وزیرِ اعظم چین کی معروف کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ عالمی شہرت یافتہ چینی کمپنی ‘علی بابا’ کے ہیڈکوارٹر کا خصوصی دورہ بھی کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ای کامرس کے فروغ کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button