لاہور :پنجاب کے طول و عرض میں جاری طوفانی بارشوں کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں ‘رینڈ الرٹ’ جاری کرتے ہوئے تمام امدادی اور بلدیاتی اداروں کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ بارش کے دوران اور بعد میں شہریوں کی سہولت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واسا (WASA) اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے تمام واسا آپریشنز کی مسلسل اور مؤثر مانیٹرنگ کی جائے اور فیلڈ سے لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لی جائے۔ انہوں نے سخت ہدایت کی کہ اربن ایریاز (شہری علاقوں) میں پانی کی لائف لائن سمجھے جانے والے ڈرینیج سسٹم کو بلا تعطل فعال رکھا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ مریم نواز نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ کسی بھی اہم شاہراہ یا رہائشی علاقے میں پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری ایکشن لیا جائے تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور عام شہریوں کی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔




