اسلام آباد :مشیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مہاجرین کی نشستوں میں کسی بھی قسم کی ردوبدل کا اختیار صرف آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کو حاصل ہے اور اس حوالے سے کوئی انتظامی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا مرحلہ جلد شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے بعد منتخب نمائندے آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے قانون سازی اور فیصلے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین نشستوں کے حوالے سے آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ پہلے ہی اپنی رائے دے چکی ہے، جس سے قانونی صورتحال واضح ہو جاتی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل اور ملکی ترقی پر توجہ دیں، جبکہ غیر ضروری تنازعات سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ان کے سامنے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، اور ملاقات کے دوران صرف خیبر پختونخوا کے انتظامی امور پر گفتگو ہوئی۔




