لاہور: پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ داخلہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی، تاہم خواتین، بزرگ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ نے اشتعال انگیز تقاریر، نفرت انگیز مواد کی اشاعت اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری کو فروغ دینا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔
حکومت پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔




