لندن: برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں اور مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
برطانوی پارلیمنٹ کے رکن لارڈ احمد آف ومبلڈن نے اپنے خطاب میں اردو زبان میں کہا، ’’پاکستان کا بہت بہت شکریہ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
لارڈ احمد آف ومبلڈن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بہترین کام کیا ہے اور ان کی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپناتے ہوئے امن کے قیام کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔




