اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری اور عالمی سطح پر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے اس عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
آبی امور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سندھ طاس معاہدہ پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس معاہدے کے تحت تمام تنازعات کا حل پرامن طریقے سے نکالا جانا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معاہدے کی یکطرفہ خلاف ورزی یا اس پر عمل نہ کرنا خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے عوام کو پانی سے محروم کرنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام دوطرفہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ہی واحد راستہ سمجھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔




