پاکستان
Trending

قانون کی بالادستی اور جیل اصلاحات ناگزیر ہیں، مراد علی شاہ

 

اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی ضمانت ہے، جبکہ جیلوں کو اصلاح، بحالی اور انسانی وقار کے مراکز میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جیل اصلاحات سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تقریباً 26 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں، جس سے عدالتی نظام کو درپیش چیلنجز کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے وکیل کرنے کی استطاعت نہ رکھنے والے قیدیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں اور اب تک 34 ہزار قیدیوں کو لیگل ایڈ دی جا چکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت جیلوں میں اصلاحات کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت لائبریریوں کا قیام، قیدیوں کو تکنیکی تعلیم کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو معیاری طبی سہولیات، صاف ستھرا ماحول اور بہتر خوراک کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کا احترام ہر شہری پر لازم ہے اور جو قومیں قانون کو مقدم رکھتی ہیں، وہ ترقی کی منازل تیزی سے طے کرتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button