اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی 2027–2030 کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ چار سالہ حج پالیسی مرتب کی گئی ہے، جس کے تحت طویل المدتی منصوبہ بندی کے ذریعے عازمینِ حج کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ نئی پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق سال بھر حج رجسٹریشن کرا سکیں گے، جس سے آئندہ حج انتظامات کو زیادہ مؤثر اور منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی کابینہ نے رواں سال حج کے کامیاب انتظامات پر وزیرِ مذہبی امور اور وزارت کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کی تعریف کی۔
اجلاس میں شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے آئی ایچ آئی ٹی سی اور پی بی سی کی خدمات کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔
دورانِ اجلاس وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی کارکردگی پر کابینہ کو بریفنگ دی، جس پر وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے وزیرِ ریلوے اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
اجلاس کے اختتام پر ملک کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔




