اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پاکستان کی میزبانی میں 12 اور 13 جولائی کو ہونے والی کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزراء، اعلیٰ حکام اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں شرکت کے لیے مختلف رکن ممالک کے وفود اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جہاں پاکستانی حکام ان کا استقبال کر رہے ہیں۔ حکومت نے اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے سکیورٹی، پروٹوکول اور انتظامی امور کو حتمی شکل دے دی ہے۔
دو روزہ کانفرنس کے دوران خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی کردار کے فروغ، ان کے حقوق کے تحفظ اور بااختیار بنانے سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں رکن ممالک خواتین کی ترقی کے لیے اپنائی گئی کامیاب پالیسیوں اور تجربات کا تبادلہ بھی کریں گے، جبکہ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاقِ رائے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ پاکستان اس موقع پر او آئی سی رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے اور خواتین کی ترقی و بااختیار بنانے کے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عہد کا اعادہ کرے گا۔




