لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی نظام، سکولوں کی کارکردگی اور اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کو ہدایت دی کہ وہ ہر ہفتے کسی سکول کا دورہ کرکے خود کلاس لیں تاکہ تدریسی عمل، طلبہ کی مشکلات اور تعلیمی سہولیات کا موقع پر جائزہ لیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل میکانزم پر بریفنگ دی گئی، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کے رجسٹریشن نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کے لیے تجاویز طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کی بہتر نگرانی اور معیار تعلیم میں اضافے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں سکول ایجوکیشن کے مختلف منصوبوں، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے اہم فیصلوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔




