اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات کی، جس میں تنظیمی امور، علاقائی تعاون اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں ایس سی او کی ترجیحات، رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ اور تنظیم کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ ایس سی او سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے تنظیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں اور کرغزستان میں ہونے والے آئندہ اجلاس کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ستمبر میں ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھالے گا اور سربراہی اجلاس سے قبل رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔




