اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں، مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے تشدد اور مسجد اقصیٰ کی مبینہ خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان اقدامات کی سخت مذمت کی۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی اور فوری جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی رابطے اور سفارتی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔




