اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے دوسرے مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو سادہ اکثریت حاصل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تعمیر و ترقی اور کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مخالفین کو مسلم لیگ (ن) کی کامیابی قبول نہیں ہو رہی اور پیپلز پارٹی کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ الزامات عائد کر رہے ہیں وہ ان کے ثبوت بھی سامنے لائیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو انتخابی نتائج پر تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشی کے بجائے سیاسی جماعتوں کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دے کر اچھی سیاسی روایت قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام جمہوری نظام کو مضبوط بناتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انتخابات میں عوام کا فیصلہ اہم ہوتا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اسے تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔




