اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے کے لیے روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی شراکت داری کے فروغ، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کریں گے جبکہ مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ دورے کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔




