اسلام آباد: پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق بھارتی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو آزاد کشمیر کے جمہوری عمل پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی اور قانونی حق حاصل نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کی حالیہ اندرونی پیش رفت سے آگاہ ہے، تاہم اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور تمام ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے حوالے سے بھارت کی جانب سے دیا گیا بیان بھارت اور بنگلا دیش کا باہمی معاملہ ہے۔
طاہر اندرابی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم آج سے 8 اگست تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اہم حکومتی شخصیات بھی شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔




