پاکستان
Trending

مکہ دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف نہیں، امن و استحکام کیلئے ہے: شہباز شریف

 

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والا دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت نہیں، بلکہ خطے میں امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ برس بھی دفاعی معاہدہ ہوا تھا جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کئی دہائیوں سے مضبوط تعاون جاری ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان حالیہ معاہدہ اسی دیرینہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی کڑی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لیے اہم فریضہ ہے۔ سہ فریقی دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے لیے تقویت کا باعث بنے گا اور تینوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

وزیراعظم نے معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان معاہدے کے لیے کی جانے والی کوششیں کامیابی سے مکمل ہوئیں۔

وزیراعظم نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہنگو، سوات اور دیگر علاقوں میں شہید ہونے والے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آزاد کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ وہاں کسی صورت انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا ہے، کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی تو ترقی کا سفر دوبارہ تیز ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی رہنما اقبال چنڑ کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button