تازہ ترین
Trending

بچوں کو آن لائن خطرات سے بچانے کے لیے ملک گیر آگاہی مہم ناگزیر ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ملک بھر میں آگاہی پھیلانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کا آن لائن تحفظ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ حکومت، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ایک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بچوں کے آن لائن تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی کوششیں صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہنی چاہئیں، بلکہ پاکستان کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں بھی آگاہی مہمات کا دائرہ وسیع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور بچوں کو انٹرنیٹ کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رہنے کے طریقوں سے واقف ہو سکیں۔ میٹا سمیت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے آگاہی مہمات میں زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی بچوں کے آن لائن تحفظ کے حوالے سے آگاہی مہمات چلا رہی ہے، تاہم ان اقدامات کی افادیت بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو نہ صرف دستیاب حفاظتی سہولیات کا علم ہو بلکہ وہ ان سے استفادہ کرنے کا طریقہ بھی جانتے ہوں۔

وفاقی وزیر کے مطابق بچوں کو ایسا محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جہاں وہ آن لائن مسائل کے بارے میں کھل کر بات کر سکیں اور کسی مشکل صورت حال میں بلا جھجھک مدد طلب کر سکیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے والدین اور اساتذہ کی مناسب رہنمائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کے آن لائن تحفظ سے متعلق آگاہی کو ہر اسکول، ہر کلاس روم اور ہر گھر تک پہنچایا جائے۔ اس موضوع پر گفتگو کو محض سوشل میڈیا تک محدود رکھنے کے بجائے تعلیمی اداروں اور معاشرتی سطح پر بھی فروغ دیا جائے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ بچوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل اسی وقت ممکن ہے جب حکومت، ٹیکنالوجی کمپنیاں، والدین، اساتذہ اور معاشرے کے دیگر طبقات مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button