پاکستان
Trending

بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا عزم

 

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ حکومتی اراکین نے خواتین اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کی شدید مذمت کی۔

صوبائی وزیر راحیلہ حمید نے کہا کہ دہشتگرد عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔ خواتین کو قتل کرکے دہشتگرد اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ غیور بلوچ عوام کا دہشتگردوں سے کوئی تعلق نہیں اور سکیورٹی فورسز اپنی ذمہ داریاں جانفشانی سے ادا کررہی ہیں۔

راحیلہ حمید کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کا خاتمہ کرکے امن، ترقی، خوشحالی اور تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔ دہشتگردوں کو چادر اور چار دیواری کی پامالی کے ذریعے خوف پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر مینا مجید بلوچ نے کہا کہ صوبے کے امن کے خلاف سازش کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کسی آلہ کار کو بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشتگردوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے اور ان کا بیانیہ اب نہیں بکے گا۔

ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے کہا کہ خواتین کو قتل کرنے والے دہشتگردوں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ بلوچ اور پشتون روایات میں خواتین کو عزت و احترام حاصل ہے، خواتین پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سب کو متحد ہوکر کھڑا ہونا ہوگا۔

حکومتی اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھا جائے گا اور دہشتگرد عناصر کو اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button