پاکستان
Trending

بنیان مرصوص آپریشن میں پاکستانی نوجوانوں کی آئی ٹی مہارت کا شاندار مظاہرہ: گورنر پنجاب

 

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ٹیلنٹ کے حوالے سے ملک میں کوئی کمی نہیں، ضرورت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت دینے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ہے۔

ایپ سپ ایکسیلینس ایوارڈز 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبد الرحمان نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ایک اچھی کوشش کی اور شعبہ تعلیم سے وابستہ بڑے دماغوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وہ ایک سیاستدان کی حیثیت سے تقریب میں موجود ہیں، جبکہ یہاں شریک وائس چانسلرز اور ریکٹرز کئی دہائیوں کے تجربے کے حامل ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر نیاز اور ڈاکٹر اقرار کی گفتگو کو بھی سراہا اور کہا کہ وائس چانسلرز اور ریکٹرز اپنے اپنے اداروں میں تعلیم کے لیے اچھا کام کر رہے ہیں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں بہتری آ رہی ہے، لیکن ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے درمیان موجود خلا ختم کرنا ہوگا اور تعلیمی اداروں کو صنعت کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو تیار کرنا ہوگا۔

انہوں نے بنیان مرصوص آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی ماہر نوجوانوں نے بھارت کو شکست دی اور پوری دنیا حیران ہوئی کہ یہ نوجوان کون ہیں اور انہوں نے یہ کامیابی کیسے حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی تک وہ یونیورسٹی نہیں مل سکی جہاں سے ان باصلاحیت نوجوانوں نے تعلیم حاصل کی۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے ڈاکٹرز کی بڑی تعداد واپس پاکستان نہیں آتی، جو نظام کی ایک بڑی کمزوری ہے۔ ان کے مطابق ملک کو ایسا نظام بنانا ہوگا جس میں قابل افراد کے لیے وطن واپسی اور یہاں خدمات انجام دینے کے بہتر مواقع موجود ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت اچھے وائس چانسلرز موجود ہیں جنہوں نے اپنے اداروں کو کامیاب بنایا، تاہم پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے پاس مناسب فنڈنگ موجود نہیں۔ تعلیم کو قومی ترجیحات میں اولین مقام دینا ہوگا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں پاکستان کی وجہ سے عزت دی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبے مزید مضبوط اور بہتر ہوں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button