پاکستان
Trending

پاکستان، ملائیشیا کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کا معاہدہ طے پا گیا

 

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور سیکیورٹی روابط مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیر داخلہ کا خیرمقدم کیا اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔ معاہدے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف تقریب میں موجود تھے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button