اسلام آباد: پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہوگیا۔
جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے مذاکرات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مذاکرات میں اپنا مؤقف پیش کیا، جبکہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کے سامنے 6 نکات پر مشتمل اپنا مؤقف پیش کیا، تمام مطالبات کو دلائل کے ساتھ واضح کیا گیا۔ حکومتی کمیٹی جماعت اسلامی کی جانب سے دیے گئے دلائل کو رد نہیں کرسکی۔
لیاقت بلوچ کے مطابق حکومتی کمیٹی نے مزید 3 دن کی مہلت طلب کی ہے اور جماعت اسلامی سے بھی کہا ہے کہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال مزید 3 روز تک مؤخر رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دینا اور پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے، جس پر مذاکرات کے آئندہ مرحلے میں مزید بات چیت ہوگی




