نائب وزیراعظم کا دورہ دوشنبے کے دوران پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر اظہار تشکر، باہمی مفاد پر مبنی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے دورہ دوشنبے کے موقع پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر تاجک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفادات کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور تاجکستان کی دیرینہ شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔




