اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں خصوصی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یکم نومبر سے 30 نومبر 2026 تک طلبہ کے لیے 42 روزہ لرننگ پیریڈ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق اس خصوصی اقدام کے تحت طلبہ کو 42 روز انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور وہ مقررہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اسی روز موٹر سائیکل لائسنس حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر سے رجوع کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو قانونی طریقے سے ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرنا، بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے کی حوصلہ شکنی کرنا اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔




