اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں اشتراک کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں میڈیا، نشریات، ڈرامہ، موسیقی اور سیاحت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی اور مذہبی وابستگی کے ساتھ عوامی سطح پر بھی مضبوط بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔




