اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا، پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے تاریخی مشن کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے۔
چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کے مطابق پاکستان کا منتخب خلا باز شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے چین کے خلائی سٹیشن پہنچے گا، جبکہ واپسی کے لیے شینژو 23 خلائی جہاز استعمال کیا جائے گا۔ اس مشن کی خاص بات یہ ہے کہ چین کے خلائی پروگرام میں پہلی مرتبہ چینی اور پاکستانی خلا باز مشترکہ طور پر خلائی پرواز کریں گے۔
اس مقصد کے لیے دونوں ممالک نے فروری 2025 میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کو چینی خلائی اسٹیشن کے مشن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خلا بازوں کے انتخاب کے لیے مختلف مراحل میں سخت اسکریننگ اور جائزے کا عمل مکمل کیا گیا، جس کے بعد دو پاکستانی امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ دونوں امیدوار چین میں خصوصی تربیت حاصل کریں گے اور تمام ضروری ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد ان میں سے ایک کو تاریخی مشن کے لیے حتمی طور پر منتخب کیا جائے گا۔
پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شمولیت نہ صرف ملکی خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی، تکنیکی اور تحقیقی تعاون کو بھی نئی جہت فراہم کرے گی۔




