بٹ خیلہ: وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، بٹ خیلہ میں عوامی اجتماع نے ثابت کردیا کہ عوام ملک کے دفاع اور سلامتی کے اداروں کے ساتھ یکجہتی رکھتے ہیں۔
بٹ خیلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پارٹی نے نوجوانوں کو ورغلایا، جس کے نتیجے میں 9 مئی کے واقعات پیش آئے اور ریاست کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اب جان چکے ہیں کہ ان کے دوست اور دشمن کون ہیں۔ ماضی میں سیاسی مفادات کے لیے پروپیگنڈا کیا جاتا رہا، لیکن اب عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور حکومت میں کرپشن اور لوٹ مار ہوئی۔ موجودہ ترجیح خیبرپختونخوا کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے گا، صحت اور تعلیم کے شعبوں کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ وہ عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو تاریخی شکست دی، ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے تمام سیاسی و سماجی حلقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔




