لندن: ٹیکنالوجی کمپنی ‘میٹا’ نے برطانیہ میں اپنا جدید اے آئی ایجنٹ ‘میوز’ لانچ کر دیا ہے، جسے صارفین اپنی روزمرہ ایپس اور آن لائن شاپنگ کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ اسسٹنٹ تحائف کی خریداری، سفر کی بکنگ، سستے انرجی پیکجز کی تلاش اور ای میلز بھیجنے جیسے کام خودکار انداز میں انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امریکہ میں زبردست مقبولیت حاصل کرنے والے ‘میوز’ کو ایک علیحدہ ایپ کے طور پر یا براہِ راست واٹس ایپ کے اندر اپنی پسند کا نام اور شخصیت دے کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ برطانیہ میں اس سہولت کے لیے مارکس اینڈ سپینسر، سینسبریز، کریز اور ایزی جیٹ جیسے بڑے اداروں کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے۔
میٹا کا مؤقف ہے کہ یہ ایجنٹ صارف کی اجازت کے بغیر کوئی ادائیگی نہیں کر سکتا اور نہ ہی پاس ورڈز تک رسائی رکھتا ہے، جبکہ اس کی نگرانی کے لیے ایک علیحدہ ‘سکیورٹی ایجنٹ’ بھی تعینات کیا گیا ہے۔




