بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کی خواہش کے برخلاف ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آئندہ تین فائنلز کی میزبانی ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، جسے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے لیے ایک بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی کے سالانہ اجلاس، جو سنگاپور میں منعقد ہوا، میں یہ طے پایا کہ 2027، 2029 اور 2031 کے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کرے گا۔ اجلاس میں اس فیصلے کی وجہ حالیہ فائنلز کی کامیاب میزبانی کو قرار دیا گیا۔
اجلاس میں دیگر اہم معاملات پر بھی غور کیا گیا، جن میں افغان نژاد پناہ گزین خواتین کرکٹرز کی معاونت سے متعلق جاری پروگرام پر پیشرفت شامل ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ان خواتین کو پیشہ ورانہ تربیت، کھیلنے کے مواقع اور عالمی سطح پر نمائندگی فراہم کرنا ہے۔
آئی سی سی نے ایک بار پھر یو ایس اے کرکٹ کو اصلاحات پر زور دیتے ہوئے تین ماہ کے اندر اندر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔ اس وقت یو ایس اے کرکٹ تاحال آئی سی سی کی نگرانی میں ہے۔
اس اجلاس میں مزید دو ممالک، مشرقی تیمور اور زامبیا کو آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبران کی حیثیت سے شامل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد آئی سی سی کے رکن ممالک کی تعداد 110 ہو گئی ہے۔




