روس کے مشرقی علاقے کمچٹکا میں شدید زلزلے اور اس کے بعد آنے والی سونامی لہروں نے تباہی مچا دی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز پیٹرو پاولوسک-کامچٹسکی سے جنوب مشرق کی جانب تقریباً 125 کلومیٹر دور تھا۔
زلزلے کے بعد جاری کردہ سونامی وارننگ کے تحت چار میٹر (13 فٹ) بلند لہریں کمچٹکا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائیں، جس سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ علاقائی گورنر ولادیمیر سولودوف نے اس زلزلے کو "کئی دہائیوں کے دوران سب سے شدید جھٹکا” قرار دیا۔
کمچٹکا کے وزیر صحت اولیگ میلنیکوف کے مطابق زلزلے کے فوری بعد متعدد شہریوں نے طبی امداد حاصل کی۔ زخمیوں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو خوف کے باعث عمارتوں سے باہر نکلتے ہوئے گر کر زخمی ہوئے، جب کہ ایک شخص نے مبینہ طور پر گھبراہٹ میں کھڑکی سے چھلانگ لگا دی۔
عینی شاہدین کے مطابق گھروں کے اندر موجود سامان زمین بوس ہو گیا، شیشے ٹوٹ گئے اور بعض عمارتوں کی بالکونیاں لرز گئیں۔ دارالحکومت پیٹرو پاولوسک-کامچٹسکی میں بجلی کی بندش اور موبائل نیٹ ورک کی معطلی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
روس کی جیو فزیکل سروس کے مطابق زلزلے کے آفٹر شاکس ایک ماہ تک جاری رہنے کا امکان ہے، جب کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن اور نقصانات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔
0 15 1 minute read




