لاہور : پنجاب میں ممکنہ سیلابی خطرات کے پیشِ نظر محکمہ صحت و آبادی نے صوبے بھر کے تمام اسپتالوں اور طبی عملے کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای او ہیلتھ) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس) کو الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز میں ادویات، ضروری آلات اور عملے کی دستیابی ہر وقت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرہ علاقوں میں "کلینک آن ویلز” فلیٹ فل پیکج کے ساتھ فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
وزیر صحت نے ہدایت کی کہ سانپ کاٹنے، وبائی امراض اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری ادویات ہر اسپتال میں وافر مقدار میں دستیاب ہوں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں سے قریبی رابطہ رکھنے پر بھی زور دیا۔
خواجہ عمران نذیر نے اعلان کیا کہ وہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے تاکہ امدادی و طبی اقدامات کا جائزہ لے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہیں، اور ان کی ہدایت پر تمام امدادی ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔




