پاکستان

بھٹو کا ایک اور وارث منظر عام پر آ گیا، سیاسی پارٹی بنانے، الیکشن لڑنے کا اعلان

عوام کیلئے الیکشن لڑیں گے، ذوالفقار علی جونئیر
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی لیاری میں پہلی پریس کانفرنس۔ سیاست میں متحرک ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ عوام کیلئے الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر وہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لیں گے تو لیاری سے بھی امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پانچ سے چھ گھنٹے پیدل لیاری کا دورہ کیا ہے تاکہ علاقے کے حالات کو قریب سے دیکھ سکیں۔

اسٹیبلشمنٹ سے کوئی تعلق نہیں، ذوالفقار علی جونئیر

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے ان الزامات کو مسترد کیا کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہے، اور کہا کہ ان پر الزامات اسی لیے لگ رہے ہیں کہ وہ عوام میں مقبول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاطمہ بھٹو جلد پاکستان آئیں گی اور وہ ان کے ساتھ مل کر نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کریں گے، جس کے نام پر مشاورت جاری ہے۔

منشور روٹی، کپڑا، مکان سے آگے پانی، بجلی اور گیس ہے، ذوالفقار علی جونئیر

انہوں نے بتایا کہ ان کا منشور روایتی نعرے "روٹی، کپڑا، مکان” سے آگے بڑھ کر "پانی، بجلی، گیس” کی فراہمی تک پھیلا ہوا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اشارہ دیا کہ ماضی میں پیپلزپارٹی کے ترجمان اخبار "مساوات” کو بھی دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا کہ وہ لیاری ہی نہیں بلکہ فیصل آباد، مرید کے جیسے محنت کش علاقوں میں بھی جائیں گے، اور عوامی رابطہ مہم کا آغاز جلد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "سب وڈیرے ایک جیسے نہیں ہوتے، میں خود ایک وڈیرا ہوں لیکن کوشش ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلا جائے۔

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد یہاں کے عوام، خاص طور پر ان افراد کے مسائل اجاگر کرنا ہے جو حالیہ عمارتوں کو سیل کئے جانے کے کے باعث بے گھر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ سو سے زائد عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں، جن سے کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

ذوالفقار جونیئر نے حکومتِ سندھ، بالخصوص پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر متبادل رہائش فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غریب لوگ خود سے کچھ کرنے کی پوزیشن میں نہیں، لہٰذا ریاست کو ان کی ذمہ داری اٹھانی چاہیے۔

 

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button