ممبئی: پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے والے بھارتی میڈیا کو خود اس کی حکومت اور دفاعی اداروں نے جھوٹا قرار دے دیا۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے متعلق پھیلائی گئی خبروں کو فیک نیوز قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی جنگی طیارے ایل او سی پر پرواز کر رہے ہیں اور بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، تاہم بھارتی خبر رساں ادارے ANI اور دفاعی ذرائع نے ان دعوؤں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی غیر معمولی سرگرمی یا جنگ بندی کی خلاف ورزی ریکارڈ نہیں ہوئی۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ میڈیا کی طرف سے پھیلائی گئی یہ خبریں زمینی حقائق کے برعکس اور صرف افواہوں پر مبنی ہیں، جن کا مقصد خطے میں کشیدگی پیدا کرنا ہے۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایل او سی پر صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا اب پیشہ ورانہ صحافت سے ہٹ کر محض ریاستی ایجنڈے کا ترجمان بن چکا ہے۔
ماضی میں بھی بھارتی میڈیا کی جھوٹی رپورٹنگ — خصوصاً "آپریشن سندور” جیسے مواقع پر — بھارت کو سفارتی سطح پر شرمندگی کا سامنا کروا چکی ہے، جبکہ خود بھارتی عوام میں بھی میڈیا کی ساکھ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔




