پاکستان

78ویں یومِ آزادی پر صدر مملکت اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

اسلام آباد : پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف "معرکہ حق” میں کامیابی کو قومی عزم، اتحاد اور دو قومی نظریے کی سچائی کا مظہر قرار دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر وطن کا دفاع پوری قوت سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ "جرأت اور حکمت نے قوم کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے، جس سے عوام کا اعتماد اور حوصلہ بلند ہوا ہے۔” صدر نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم امن کی خواہاں ہے، تاہم کسی بیرونی دباؤ کے سامنے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قومی جذبے کو معیشت کی بحالی اور ٹیکنالوجی کی ترقی کی طرف موڑا جائے تاکہ ملک خودانحصاری اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو پاکستان کے لیے "دل کے قریب ترین معاملہ” قرار دیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ "معرکہ حق نے قوم کے دلوں میں ایک نئی امید اور جذبہ پیدا کیا ہے، اور آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔” وزیراعظم نے اسے محض ایک عسکری فتح نہیں بلکہ دو قومی نظریے کی صداقت کی جیت قرار دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے 78 سالہ سفر میں قوم نے بے شمار آزمائشوں کا سامنا کیا، لیکن ہر بار اللہ پر بھروسہ رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے دفاع، معیشت، کھیل، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانیوں کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ، علامہ اقبالؒ اور تحریک آزادی کے تمام رہنماؤں و کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کے باعث آج ہم ایک آزاد نظریاتی ریاست کے شہری ہیں۔

یومِ آزادی کے موقع پر دونوں رہنماؤں کا پیغام ایک نئے قومی بیانیے کی جھلک دیتا ہے، جو دفاعی کامیابیوں کے بعد اب معیشت اور ترقی کی طرف بڑھنے کا عزم ظاہر کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button