مانسہرہ، نیل بان، بٹگرام: پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے مانسہرہ، نیل بان اور بٹگرام کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی اطلاع پر پاک فوج کی ریلیف ٹیم نیل بان روانہ کی گئی، جہاں خراب راستوں کی وجہ سے ٹیم کو پیدل 8 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے متاثرہ علاقے تک پہنچنا پڑا۔
جائے وقوعہ پر ٹیم نے زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جن میں ایک بچہ اور ایک بالغ شامل تھے۔ زخمیوں کی حالت کے پیش نظر انہیں فوری طور پر رورل ہیلتھ کلینک چھتر پلین بھیجاگیا۔
پاک فوج نے متاثرہ علاقے میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا، جہاں 100 سے زائد مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ امداد میں ادویات، ابتدائی طبی امداد اور کھانے پینے کی اشیاء شامل تھیں، جن میں درد، بخار، معدے، جلد اور انفیکشن کے علاج کی دوائیں فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ سب سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کو دودھ اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئیں۔
ریسکیو آپریشن کے دوران پاک فوج کو خراب موسم، مسلسل لینڈ سلائیڈنگ اور ناقابل رسائی راستوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔ تاہم، پاک فوج کی ٹیم نے واپسی کے دوران روڈ کلیئرنس کا کام بھی انجام دیا اور واپس گورنمنٹ ہائی اسکول چھتر پلین پہنچ گئی۔




