پاکستان

پاکستان چین کی خارجہ پالیسی میں کلیدی ترجیح ہے: چینی وزیر خارجہ

اسلام آباد: چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ بیجنگ اپنی ہمسایہ ممالک سے متعلق خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتا آیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران وانگ ژی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین، پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی وقت کی کسوٹی پر پوری اتری ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن منصوبہ ہے، جس کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے چین ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ معاشی، صنعتی، زرعی، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔

وانگ ژی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ اسلام آباد کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی اہداف کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سی پیک فیز 2، توانائی، انفراسٹرکچر، اور علاقائی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور بیجنگ کی جانب سے ہر نازک وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا دونوں ممالک کے مثالی تعلقات کا ثبوت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button