اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی عہدے سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے عہدہ واپس لینے کی درخواست کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ وہ بطور وکیل اپنی خدمات بلا معاوضہ جاری رکھیں گے اور آئندہ بھی بانی چیئرمین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاگیردار نہیں، نہ روایتی سیاستدان ہیں اور ان کا مختصر خاندان ان کے ساتھ ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ جمہوریت، آئین، خواتین، اقلیتوں اور مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ انہوں نے مختلف اہم مقدمات میں پی ٹی آئی کی قانونی نمائندگی کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کیں، جن میں اصغر خان کیس، NRO، ٹیریان کیس، عدت اور فوجی عدالتوں کے خلاف مقدمات شامل ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ انہیں جھوٹے دہشت گردی کے بیس مقدمات میں ملوث کیا گیا، مگر وہ جیل سے نہیں ڈرتے اور اپنی جدوجہد ہر محاذ پر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر قسم کے سیاسی اور ذاتی حملوں کے باوجود وہ حق کی بات کرتے رہیں گے۔




