اسلام آباد: بھارت نے دریائے ستلج میں ممکنہ بڑے سیلابی ریلے کے پیش نظر پاکستان کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے یہ اطلاع پاکستانی حکام کو آج فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس سے پاکستان کے قریبی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے دریائے توی میں بھی بڑے سیلابی ریلے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے بہاؤ پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔




