اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی اجلاس سے احتجاجاً واک آؤٹ کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپنا علامتی اجلاس منعقد کر لیا۔ اجلاس کی صدارت سابق اسپیکر اسد قیصر نے کی جبکہ پارٹی رہنماؤں نے حکومت پر جمہوری حقوق سلب کرنے کا الزام عائد کیا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ:
"ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن ایوان میں ہمیں بولنے نہیں دیا جا رہا۔ اسی لیے ہم واک آؤٹ کر رہے ہیں اور قائمہ کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دے چکے ہیں۔”
پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی ایوان سے واپسی کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے نمائندوں کو بات کرنی چاہیے تھی،
"اقبال آفریدی صاحب، آپ کا حلقہ ڈوبا ہوا ہے، کم از کم عوام کی نمائندگی تو کرتے!”
اسمبلی سے باہر لگائے گئے علامتی اجلاس میں بیرسٹر گوہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
"پارلیمان میں پی ٹی آئی کا حق غصب کیا جا رہا ہے، اس لیے ہم نے ‘عوامی اسمبلی’ کے ذریعے اپنی آواز بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔”
اجلاس کے دوران پارٹی کارکنان اور اراکین اسمبلی نے بانی چیئرمین کی رہائی کے نعرے بھی لگائے اور حکومت پر سیاسی انتقام کا الزام عائد کیا۔




