نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے غزہ کی موجودہ انسانی صورت حال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر روز بے گناہ فلسطینی شہید ہو رہے ہیں، بچے بھوک سے مر رہے ہیں، اور ہسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پاکستان سمیت 10 غیر مستقل ارکان نے سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کی تھی جس میں غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کی درخواست کی گئی تھی۔ تاہم امریکہ نے اس قرارداد کو ویٹو کر دیا، جس پر پاکستان نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عاصم افتخار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے لیے آواز بلند کرے، کیونکہ خاموشی مظلوموں کے خون کے بہاؤ کو روکنے میں ناکام رہے گی۔




