ٹیکنالوجی

یوٹیوب نے ویڈیو کے اختتام پر ریکومینڈیشنز چھپانے کا فیچر متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا: یوٹیوب نے صارفین کی ایک پرانی شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے ویڈیوز کے آخر میں ظاہر ہونے والی ریکومینڈیشنز کو چھپانے کے لیے نیا "ہائیڈ بٹن” متعارف کرا دیا ہے۔ اس نئے فیچر کی بدولت صارفین اب اپنی پسندیدہ ویڈیوز کو بغیر کسی رکاوٹ کے آخر تک دیکھ سکیں گے۔

عام طور پر یوٹیوب ویڈیوز کے اختتام پر مختلف ویڈیوز کے لنکس بطور ریکومینڈیشن دکھاتا ہے، جو اکثر ویڈیو کے آخری سین یا اختتامی پیغام کو دھندلا یا اوجھل کر دیتے ہیں۔ بہت سے صارفین اس فیچر کو غیر ضروری اور خلل ڈالنے والا قرار دیتے تھے۔

نئے "ہائیڈ” بٹن کی مدد سے صارفین اسکرین کے اوپری دائیں کونے میں موجود بٹن پر کلک کر کے ان ریکومینڈیشنز کو وقتی طور پر چھپا سکتے ہیں۔ اگر صارف چاہے تو "شو” بٹن پر کلک کر کے انہیں دوبارہ ظاہر بھی کر سکتا ہے۔ البتہ یہ بٹن فی الحال ہر ویڈیو پر الگ الگ کلک کرنا ہوگا، یعنی یہ سیٹنگ مستقل نہیں بلکہ عارضی ہوگی۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ کمپنی کو اس فیچر کے اجراء میں اس لیے تاخیر کرنا پڑی کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ریکومینڈیشنز کو ہٹانے سے ویڈیوز کی کارکردگی اور صارفین کی دلچسپی متاثر ہو سکتی ہے۔ تاہم، کیے گئے تجربات سے ظاہر ہوا کہ اس کا انگیجمنٹ پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔

یہ فیچر اب دنیا بھر کے متعدد صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور یوٹیوب کی جانب سے اسے آئندہ مزید بہتر بنانے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے، تاکہ ویڈیو دیکھنے کا تجربہ مزید خوشگوار بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button