پاکستان

فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیے بغیر دنیا میں پائیدار امن ممکن نہیں ، عاصم افتخار

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی نوآبادیاتی نظام کے خاتمے سے متعلق کمیٹی میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیے بغیر دنیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ ان دیرینہ مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرے۔

عاصم افتخار نے عالمی برادری کی توجہ فلسطین اور کشمیر میں غیر ملکی تسلط اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروائی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی اقوام غیر ملکی قبضے کا سامنا کر رہی ہیں، انہیں آزادی اور خود ارادیت کا حق ملنا چاہیے، اور فلسطین و کشمیر اس کا نمایاں مثال ہیں۔

پاکستانی مندوب نے اسرائیل کی پالیسیوں اور فلسطینیوں پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں 66,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل نے سکولوں، ہسپتالوں، رہائشی عمارتوں، صحافیوں اور امدادی کارکنوں کو بھی جان بوجھ کر نشانہ بنایا ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام صرف اسی وقت ممکن ہے جب 1967سے قبل  کی سرحدوں کے اندر ایک خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہو جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوج زدہ علاقہ بن چکا ہے جہاں 9 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ انہوں نے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، قید و بند اور تشدد کو روزمرہ کا معمول قرار دیا۔

پاکستانی مندوب نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کیے جا رہے ہیں اور کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے تاکہ مسلم اکثریتی علاقے کو ہندو اکثریتی بنایا جا سکے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر عاصم افتخار نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے اور امن ناانصافی یا حقوق کی پامالی کی بنیاد پر قائم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرواتے ہوئے مقبوضہ اقوام کو ان کا حق دلائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button