راولپنڈی :چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایشیا کپ مینز انڈر 19 جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ٹیم کو تاریخی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا نظم و ضبط، باہمی تعاون اور فائٹنگ اسپرٹ قابلِ تحسین ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوان کرکٹرز کی محنت اور لگن کو قوم کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی کامیابی پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان میدانِ کھیل میں ہی نہیں بلکہ عملی زندگی میں بھی پاکستان کے سفیر ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر انڈر 19 ٹیم نے فیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر اظہارِ تشکر کیا۔




