اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جس میں سفارتخانوں میں خدمات بہتر بنانے اور ڈیجیٹل سہولتوں میں اضافے پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزارتِ خارجہ، مختلف ممالک میں پاکستانی سفرا، وزارتِ داخلہ، ایف آئی اے، وزارتِ آئی ٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
حکام نے بتایا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی آسانی کیلئے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام کو مزید سہل بنانے کیلئے کیو آر کوڈ متعارف کرا دیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات درج کرانے کا ڈیجیٹل نظام بھی شروع کر دیا گیا ہے، جس سے بیرونِ ملک پاکستانی اپنی شکایات فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچا سکیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ نظام کو نمایاں جگہ پر نصب کیا جائے اور اس سہولت سے متعلق بیرونِ ملک پاکستانیوں میں بھرپور آگاہی پیدا کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دستاویزات کی تصدیق کیلئے وزارتِ خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شام کی شفٹ کا آغاز کیا گیا ہے، جبکہ آسان خدمت مرکز میں بھی یہ سہولت دستیاب ہے۔ کورئیر کے ذریعے تصدیقی عمل اور مختلف اداروں کے ڈیٹا بیس سے رابطے کے باعث شہریوں کیلئے خدمات مزید تیز ہو گئی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اپوسٹائل نظام کے تحت دستاویزات کی تصدیق کا عمل ون اسٹپ کر دیا گیا ہے، جبکہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے موبائل ایپلیکیشن تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے پیدائش، وفات، نکاح اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سمیت دیگر دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہو گی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں جدید اور آسان سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔




