پشاور:جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ نہیں سمجھ پاتے کہ پی ٹی آئی کے اتحادی آئینی ترمیم سے کیوں پیچھے ہٹ گئے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں مفتی محمود کانفرنس ہوگی، جس میں غزہ میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے امن مارچ کے ساتھ "اسرائیل مردہ باد” کے نعرے کو بھی شامل کرنے کا اعلان کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر جو عدالت گئے، وہ اپنا حق استعمال کر رہے ہیں، لیکن انہیں سمجھ نہیں آتی کہ پی ٹی آئی کے دوست اس سے پیچھے کیوں ہٹ گئے۔ ان کے مطابق، ترمیم پر حکومت اور پارلیمنٹ نے اتفاق کیا تھا، مگر اب اسے مشکوک بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی چاہے تو وہ ان کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ وفاق، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مینڈیٹ چوری ہوئے ہیں، اور موجودہ حکومت اقلیت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے خلاف آواز اٹھانا چاہیے۔
افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے 20 سالہ جنگ کے دوران امریکہ کو اڈے دینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت نے کبھی شکایت نہیں کی۔
صوبے میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ صورتحال کو دیکھ کر اسمبلی میں فیصلہ کریں گے اور اگر پی ٹی آئی نے بدامنی کو تسلیم کر لیا ہے تو یہ ایک مثبت بات ہے۔




