پاکستان
Trending

سڈنی فائرنگ کیس: جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار پاکستانی نوجوان نوید اکرم منظرِ عام پر آ گئے

سڈنی کے معروف ساحلی علاقے بونڈائی بیچ میں فائرنگ کے واقعے کے بعد گرفتار ملزم کے حوالے سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے پر پاکستانی نوجوان نوید اکرم منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔ نوید اکرم، جو سڈنی میں مقیم اور پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھتے ہیں، کو بعض غیر ملکی میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے غلط طور پر بونڈائی حملے میں ملوث قرار دیا جا رہا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض بھارتی، افغان اور اسرائیلی نیوز چینلز اور سوشل میڈیا صارفین نے بغیر تصدیق کے ملزم کی تصاویر کی جگہ نوید اکرم کی تصاویر نشر کر دیں، جس کے باعث انہیں شدید ذہنی دباؤ اور سیکیورٹی خدشات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس صورتحال پر نوید اکرم نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بونڈائی حملے کی شدید مذمت کی اور واضح کیا کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی گرفتاری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط اطلاعات اور تصاویر کی اشاعت سے ان کی جان کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

نوید اکرم نے غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی خبریں اور بے بنیاد الزامات کسی بے گناہ شخص کی زندگی کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی خبر یا تصویر کو نشر کرنے سے قبل مکمل تصدیق کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بونڈائی حملے میں گرفتار ملزم کے نام سے منسوب کیے جانے کے بعد ان کی تصاویر کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، جسے وہ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ نوید اکرم نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے اس غلط پروپیگنڈے کا نوٹس لیں گے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button