راولپنڈی/پشاور : سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ‘فتنہ الخوارج’ کے 13 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جاری ملک گیر مہم کا حصہ ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے باجوڑ، بنوں، ڈی آئی خان، خیبر اور جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں۔ان مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 13 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے خوارج کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
یہ دہشت گرد علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا ہے کہ مارے گئے خوارج کو بھارتی سرپرستی حاصل تھی، جو سرحد پار سے پاکستان میں بدامنی اور تخریب کاری کے لیے آپریٹ کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت ایکشن کے ذریعے دشمن کے ان مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔




