پاکستان

کیلاش قبیلے کا مشہور تہوار "چاموس” روایتی جوش و خروش سے منانے کے بعد اختتام پذیر

چترال: کیلاشی  قبیلے کا مشہور مذہبی و ثقافتی تہوار "چاموس” اس سال بھی کیلاش کی تینوں وادیوں، رمبور، بریر اور بمبوریت میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ محکمہ سیاحت کے ترجمان کے مطابق، یہ تہوار کیلاش ثقافت اور عقائد کی عکاسی کرتا ہے اور اس دوران مختلف مذہبی رسومات ادا کی گئیں جو کیلاش قوم کی روحانیت کا اہم حصہ ہیں۔

چاموس تہوار میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے نہ صرف کیلاش ثقافت کو دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچایا گیا، بلکہ سیاحوں کو اس منفرد تہوار کا تجربہ کرنے کا موقع بھی ملا۔

محکمہ سیاحت کے مطابق، ٹورازم پولیس نے سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے بھرپور انتظامات کیے، اور لواری ٹنل اور کیلاش وادیوں کو جانے والے راستوں پر پولیس سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹیاں بھی انجام دی گئیں تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

اس تہوار کی خاص بات یہ ہے کہ یہ موسمِ سرما کے استقبال کے ساتھ ساتھ خوشی، محبت، اتحاد اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مقامی لوگ ایک دوسرے کے ساتھ پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کرتے ہیں تاکہ آپس میں محبت اور اتحاد کا پیغام پھیلایا جا سکے۔

کیلاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی اس تہوار کے دوران سیاحوں کے لیے مختلف سہولتیں فراہم کی گئیں تاکہ تہوار کا ماحول خوشگوار اور پرامن رہے۔ اس سال چاموس تہوار نے نہ صرف کیلاش کمیونٹی کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا بلکہ سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button